پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور بالی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی دوستی اور ان دونوں کی حال ہی میں منظر عام پر آنے والی تصاویر پر ہونے والی تنقید پر پاکستانی فنکاروں نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان شو بز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکاراور اداکار علی ظفر نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نےکہا ہے کہ ہم سب کو کیا ہوگیا ہے؟کیا ہم سب میں احساس ختم ہوگیا ہے، ہر عورت کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے اگر اس سے کسی کو نقصان نہیں پہنچ رہا جیسے ہم مرد گزارتے ہیں توہمیں کسی کے بارے میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عقلمندی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
پاکستان کی نامور گلوکارہ مومنہ مستحسن نے ماہرہ خان پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیا ہم ماہرہ خان کو تھوڑا وقت دے سکتے ہیں ، ہم لوگ کیوں فوراً کسی کو بھی جج کرنا اور اس پر حملے کرنا شروع کردیتے ہیں ، وہ ماہرہ خان کی زندگی ہے اور وہ اپنی زندگی میں جو کچھ بھی کرے یہ اس کا حق ہے۔
پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک نے بھی ماہرہ خان کی تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے آپ سگریٹ نہیں پی سکتے، باہر نہیں جاسکتے، اپنی مرضی کا لباس نہیں پہن سکتے کیونکہ آپ مشہور ہیں، واہ یار۔۔ حد ہے۔