ویت نام میں سیلاب،ہلاکتیں54ہوگئیں، 30زخمی

October 13, 2017

ویت نام میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد54 ہوگئی ہے جبکہ30 لوگ زخمی ہیں اور 40 سے زائدافراد تاحال لاپتا ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب نے ویت نام کے شمالی اور وسطی علاقوں میں تباہی مچاد ی ہے اور شمالی اور وسطی حصوں میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال ہے جبکہ متاثرہ حصوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے جس کے باعث300گھر مکمل تباہ ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق چار سو اسّی ہزار ایکڑ کی زرعی اراضی کو بھی مکمل نقصان پہچا ہے۔

صوبے ہوابن سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں گھروں پر پہاڑی تودہ گرنے سے درجنوں لوگ دب گئے۔ اب تک11 ہلاکتیں اور 21 افراد لاپتا ہوچکے ہیں۔

ادھر ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ 15 ہزار سے زائد افراد محفوظ ٹھکانوں کے متلاشی ہیں اور بے سروسامانی کے عالم میں کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔