طنزیے اور پھلجھڑیاں

October 16, 2017

ہم لوگ روزانہ اخبارات اورٹی وی چینلز میں ایک ایسی ہی سیاسی اور غیر سیاسی خبریں اور تجزیے دیکھتے رہتے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر بعض اوقات ایک جملے میں کئی تجزیوں سے پڑھ کر بات ہلکے پھلکے ا نداز میں کی گئی ہوتی ہے۔ اس طرح ہمارا میڈیا ہر وقت منہ بسورتا نظر آتا ہے جس کے نتیجے میں ہم بھی سارا دن اکھڑے اکھڑے سے رہتے ہیں، چلیں آج ہم سوشل میڈیا کے مختصر طنزیوں اور ہلکی پھلکی باتوں سے اپنا موڈ بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں، اگر کسی طنزیے سے کسی کا موڈ خراب بھی ہوگا تو اتنا بہرحال نہیں کہ وہ مرنے مارنے پر تل جائے بلکہ ایک امکان یہ بھی ہے کہ ان سے ہم میں برداشت کا مادہ پیدا ہو،ملاحظہ فرمائیں۔
اینکر،وزیر اعظم آج سبزیوں کی قیمتیں معلوم کرنے خود دکان پر پہنچ گئے ہیں۔
تجزیہ نگار، یہ ایک سیریس معاملہ ہے، وزیر اعظم اداروں سے ٹکرائو چاہتے ہیں۔
اینکر، ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیر اعظم سونف چبا رہے ہیں، آپ کیا کہیں گے؟۔
تجزیہ نگار، اداروں کو دبائو میں لانے کا پیغام دے رہے ہیں۔
----------------
نعیم بخاری، مجھے تحریک انصاف میں اسلئے شامل کیا گیا تھا کہ میں ایک کلو میٹر دور سے دیکھ کر بتاسکتا ہوں کہ کس کی طرف سے گندے میسیج کا جواب آسکتا ہے اور کس کی طرف سے شور مچایا جاسکتا ہے۔
----------------
جب آپ کی بیوی ا پنا سر آپ کے کاندھوں پر رکھ کر پوچھے’’جان‘‘ کیا میرے علاوہ تمہاری زندگی میں کوئی اور عورت بھی ہے؟ تو اس سوال کا جواب اتنا اہم نہیں، جتنا اپنے دل کی دھڑکن پر قابو پانا ہے۔ اپنے دل کی دھڑکن کو کنٹرول میں رکھیں، پینک نہ ہوں(پبلک سروس میسیج)
----------------
مرد حضرات گھرپرصرف دو سبب سے ہی خوش ہوسکتے ہیں، 1بیوی نئی ہو،2گھر پرنہیں ہو۔
----------------
نواز شریف نے زرداری سے کہا’’اگر عمران خان کی شادی سونیا گاندھی سے کروادی جائے تو کشمیر ہمیں جہیز میں مل سکتا ہے‘‘۔ زرداری بولا’’ اے پاگل ہوگیا ہے، عمران خان تو بائولا ہے اس سے لڑکی کہاں سنبھالی جاتی ہے، اگر طلاق ہوگئی تو پاکستان حق مہر میں چلا جائیگا‘‘۔
----------------
شیخ رشید نے تنخواہ مقرر کرنے کیلئے نوکرانی سے پوچھا’’پہلے جس کے گھر میں کام کرتی تھیں، وہ کیا تنخواہ دیتے تھے؟ نوکرانی نے کہا’’شیخ صاحب سچ پوچھیں تو میں وہاں پر روٹی پانی پر کام کرتی تھی‘‘۔ شیخ صاحب نے کہا’’تو پھر ہمارے ساتھ کچھ رعایت نہیں کروگی؟‘‘سنا ہے کہ یہ طے پایا ہے کہ نوکرانی ان کے گھر سوموار اور جمعرات کو روزہ رکھ کر جایا کرے گی‘‘۔
----------------
جمہوریت اس مکینک کی طرح ہوگئی ہے جسے محلے کے تمام لوگ احترام سے استاد جی کہتے ہیں لیکن کچھ لوگ کام برابر والے عسکری آٹوز ہی سے کام کروانے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔
----------------
بھولا پن تو دیکھیں ایک آدمی کی ایک ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی، وہ اسپتال گیا تو دیکھا کہ وہاں ایک آدمی کی دونوں ٹانگیں ٹوٹی ہوئی ہیں، تو وہ اس کو دیکھ کر بولا کہ کیا آپ کی دو بیویاں ہیں؟‘‘۔
----------------
سلیقے سے رد کیجئے ،چاہے حد کیجئے۔
----------------
12اکتوبر 1492کے دن کولمبس کے تین جہازوں میں سے ایک جہاز کیرلین نےسمندر سے نئی دنیاامریکہ کی دریافت کی، یہ علاقہ سین سلواڈور تھا اور وہ غلام بن گئے۔12اکتوبر1999،پاکستان میں ایک شخص نے آئین توڑا ، قانون نے بھی اسی کی غلامی خوش سے قبول کی۔
----------------
سپریم کورٹ احتساب کا ادارہ نہیں، وہ صرف سیاستدانوں کو مارنے،انہیں سیاست سے الگ کرنے اور حکومتیں توڑنے کا آلہ کار ہے(جاوید ہاشمی کی کھلی توہین عدالت)۔
----------------
حجام، عمران خان صاحب، آپ کون سا کٹ پسند کریں گے، آرمی کٹ یا سویلین کٹ؟
عمران خان، شارٹ کٹ۔
----------------
12اکتوبر 1999جنرل نے پوچھا’’مجھے کیوں نکالا؟‘‘ اور پورا ملک یرغمال بنالیا۔ 2017میں ایک وزیر اعظم نے وہی سوال کیا تو پورے خاندان کو دھر لیا۔
حالات بہت گمبھیر ہیں، میں اکتوبر کے بعد نومبر دیکھ رہا ہوں(شیخ رشید)۔
----------------
کیا بدنصیب قوم ہے، دوسرا آرمی چیف مارشل لا لگائے بغیر ریٹائر ہونے جارہا ہے،(ایک سینئر صحافی)۔
----------------
ہر بیوی کسی مختلف پھل کی طرح ہوتی ہے، مگر مرد تو فروٹ چاٹ پسند کرتے ہیں۔
----------------
6+2=9(عدالتی نظام)
----------------
سو سو روپے واپس کرنے کی بجائے کارکنوں کو ایک ایک ’’شہد‘‘ کی بوتل دینے کا فیصلہ( تحریک انصاف)
----------------
ایک آدمی کو ساگ بہت پسند تھا، وہ روزانہ گھر ساگ پکواتا، جب کھانے بیٹھتے تو وہ ہمیشہ اپنے بیٹے سے کہتا’’بیٹا کھانا بسم اللہ سے شروع کیا کرو، ورنہ شیطان کھانے میں شامل ہوجاتا ہے لیکن بیٹا ہر بار بسم اللہ کہنا بھول جاتا۔ ایک دن وہ بسم اللہ کہے بغیر ساگ کھانے ہی والا تھا کہ شیطان خود آگیا اور روکتے ہوئے بولا’’کدی تے بسم اللہ کہہ لیا کر ساگ کھا کھا کے میں مرن والا ہوگیا ہاں!‘‘۔
----------------
ایک رپورٹ کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ اور آفتاب شیر پائو دونوں بھائی نکلے، جو ایک میلے میں بچھڑ گئے تھے۔