ایشیا میں پاکستان امریکا کا اہم پارٹنر ہے، امریکی وزیر خارجہ

October 19, 2017

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ ایشیا میں پاکستان امریکا کا اہم پارٹنر ہے ۔

امریکی سینٹر فار اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ توقع ہے پاکستان اپنی حدود کے اندر دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرے گا۔

ریکس ٹلرسن کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کو پیغام دے دیا کہ امریکا افغانستان سے کہیں نہیں جا رہا، طالبان افغان حکومت سے مصالحتی عمل میں شریک ہونے کے لیے جتنا وقت چاہتے ہیں لے لیں، ہم کہیں نہیں جا رہے، جنوبی ایشیا میں پاکستان بھی امریکا کا ایک اہم پارٹنر ہے، خطے میں ہر ملک سے ہمارے تعلقات اپنی اپنی میرٹ پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان سے توقع ہے کہ اپنی حدود کے اندر موجود دہشت گرد گروپوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرے گا، یہ گروپ پاکستان کے اپنے لوگوں اور خطے کے لیے خطرہ ہیں، ایسا کرنے سے پاکستان خود اپنے لیے اور اپنے پڑوسی ملکوں کے لیے امن و استحکام میں اضافہ کرے گا اور اس کا دنیا بھر میں قد بھی بڑھے گا۔

ریکس ٹلر سن کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور بھارت دونوں اہم عنصر ہیں، ہمارا حتمی مقصد ایک مستحکم افغانستان کا قیام ہے جو دہشت گرد تنظیموں کو پلیٹ فارم مہیا نہ کرے، ایسا ہو گیا تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان اور افغانستان کو ہو گا، بھارت افغانستان میں ترقی کے لیے مدد کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تازہ پالیسی سے طالبان اور دوسرے گروپوں کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ ہم افغانستان سے کہیں نہیں جا رہے اور انھیں یہ جان لینا چاہیے کہ انھیں یہ بات سمجھنے میں جتنی دیر لگتی ہے وہ لگا لیں کہ وہ افغان حکومت سے مصالحتی عمل میں کب شریک ہونا چاہیں گے تاکہ وہاں ایسی حکومت قائم کی جا سکے جو افغان کلچر سے مطابقت رکھتی ہو۔