بل گیٹس بدستور دنیا کے امیر ترین شخص

October 20, 2017

نیویارک (جنگ نیوز) امریکی جریدے فوربس نے 400 امیر ترین امریکی شخصیات کی 36 ویں سالانہ فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق امریکی صدر اور ریئل اسٹیٹ ٹائیکون ڈونلڈ ٹرمپ کے اثاثوں میں ایک سال کے اندر 60 کروڑ ڈالر کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس مسلسل 24 ویں بار پہلے نمبر پر آئے ہیں۔ بل گیٹس کے اثاثوں کا مجموعی حجم 89 ارب ڈالر بتایا گیا ہے جب کہ دوسرے نمبر پر ایمازون کے سربراہ جیف بیزوس ہیں جن کے اثاثے 81.5 ارب ڈالر ہیں۔ تیسرے نمبر پر وارین بوفے (78 ارب ڈالر) اور چوتھے نمبر پر فیس بک کے بانی مارک زکربرگ ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 71 ارب ڈالر ہے۔ 400 افراد پر مشتمل فہرست میں ڈونلڈ ٹرمپ 92 درجے تنزلی کے بعد 248 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور ان کے اثاثوں کی مالیت 3.1 ارب ڈالر ہے۔رپورٹ کے مطابق 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ اس فہرست میں 156 ویں نمبر پر تھے۔ فوربس کے مطابق نیویارک میں ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں آنے والی مندی اور انتخابی مہم کے دوارن آنے والے اخراجات کی وجہ سے ٹرمپ کے اثاثوں میں کمی واقع ہوئی۔