کراچی تا حیدر آباد موٹروے کے حقیقی معیار کے مطابق کیا جائے،قائمہ کمیٹی

October 20, 2017

اسلام آباد ( وقائع نگار) موٹروے پر مہنگی اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کو فی الفور بند کیا جائےاور کراچی تا حیدر آباد ایم -9کو موٹروے کے حقیقی معیار کے مطابق کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات کے اجلاس میں کیا گیا۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ موٹروے پر اشیاء مارکیٹ کی نسبت مہنگے داموں بیچی جاتی ہیں۔ اسی طرح بعض اشیاء ، خصوصا گوشت یا چکن سے بنی ہوئی اشیاء ، غیر معیاری ہوتی ہیں جس پر مجلس قائمہ نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ فوری کارروائی کرتے ہوئے اس بات کا ازالہ کریں اور جلد از جلد مجلس قائمہ کو اطلاع دیں۔ اسی طرح مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ ایم-9 پر وہ سہولیات میسر نہیں جو ایم-2 اور دیگر موٹرویز پر میسر ہیں۔ کئی جگہ سے لوگ خود ہی ایم -9 کے لیے راستہ بنا لیتے ہیں ۔ اس پر مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ ایم-9 کو موٹروے کے حقیقی معیار پر لایا جائے۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ سندھ اور بلوچستان کے علاقے میں وفاقی حکومت نے کئی نئی سڑکیں اور شاہراہیں تعمیر کی ہیں۔ مگر ابھی تک وہاں پر موٹروے پولیس کو اس لیے تعینات نہیں کیا جا سکا کہ ابھی تک ضرورت کے مطابق آسامیوں کی تخلیق کے لیے فنانس ڈویژن نے منظوری نہیں دی۔ کمیٹی نے اس بات کا سخت نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ وزارت مواصلات اس معاملے میں خصوصی دلچسپی لے اور ایک ماہ کے اندر اندر رپورٹ پیش کرے۔