حکومت اور پمز ہڑتالی ملازمین کے درمیان مذاکرات پھر ناکام

October 20, 2017

اسلام آباد (بلال ڈار/خبر نگار خصوصی) پمز ہڑتالی کمیٹی اور وزارت کیڈ کے مابین ایک بار پھر مذاکرات ناکام ہوگئے۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کو شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی سے الگ کرنے کے مطالبہ پر گزشتہ 18 روز سے جاری ڈاکٹروں پیرا میڈیکل اسٹاف اور ملازمین کی ہڑتال ختم کرنے کیلئے وزارت کیڈ میں وفاقی سیکرٹری کیڈ نرگس گھلو اور ہڑتالی کمیٹی کے درمیان ایک پھر مذاکرات ہوئے جس میں سیکرٹری کیڈ نے کمیٹی سے کہا کہ چونکہ بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے اس لئے آپ مریضوں کو ریلیف دینے کیلئے فوری ہڑتال ختم کر دیں جس پر ڈاکٹر اسفند یار نے کہا کہ وزیر کیڈ نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ بل کی 17 اکتوبر کو کابینہ میٹنگ سے باقاعدہ منظوری لے لی جائے گی لیکن ایسا نہیں کیا گیا اس لئے ہم بل کی منظوری یا صدارتی آرڈیننس آنے تک ہڑتال ختم نہیں کرینگے ۔