آصف زرداری کا نواز شریف کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

October 20, 2017

سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے خلاف کرپشن کے سنگین مقدمات ہیں، انہیں فوری گرفتارکیا جائے۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا ہے کہ گاڈ فادر لندن میں بیٹھ کر مفاہمت کے خفیہ پیغامات بھیجتا ہے، ہم نے مفاہمت کے تمام پیغامات مسترد کردیے ہیں کیونکہ مومن ایک سوراخ سے دو بار نہیں ڈسا جا سکتا۔

آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف اور ان کے خاندان کا وی آئی پی احتساب ہورہا ہے، شریف خاندان کا بھی ویسا احتساب کیا جائے جس طرح ہمارا کیا گیا،ہم نے سیف الرحمان کے احتساب بیورو کا بھی احتساب برداشت کیا،انہیں یاد ہونا چاہیے کہ ان کا اپنا نیب کیا کرتا رہا ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ جب تک برابری کی بنیاد پر احتساب نہیں ہوگا ہم نہیں مانیں گے، شریف فیملی کا فرد ہو تو ایک دن میں ضمانت ہوجاتی ہے،ہمارے لوگوں کی ڈھائی سال بعد ضمانت ہوتی ہے،یہ کیسا احتساب ہے؟ ہمیں پہلے گرفتار کیا جاتا، جیل بھیجا جاتا تھا پھرکیس ڈھونڈے جاتے تھے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ شریف خاندان کےخلاف تو سپریم کورٹ کے حکم پر مقدمات بنے ہیں،یہ خاندان دندناتا پھرتاہے،قوم سےکہتاہوں کہ وہ سسلین مافیا سے متعلق ضرور پڑھیں۔

شریک چیئرمین پی پی پی نے یہ بھی کہا کہ سسیلین مافیاصرف پاورگیم ہی نہیں کرتاتھا بلکہ اوربھی ہزاروں غلط کام کرتا تھا،ڈر ہے کہ کہیں نواز شریف اور ان کے ساتھی بھی اسی طرح کے کام نہ کر رہے ہوں، اگر نوا ز شریف نےایساکچھ کیا تو قوم ان کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے گی۔