واپسی شیڈول تبدیل ،نواز شریف 24اکتوبر کی صبح لاہور پہنچیں گے

October 21, 2017

لندن (آن لائن) سابق وزیر اعظم نوازشریف کی لندن سے وطن واپسی کے شیڈول میں تبدیلی ہوگئی ہے۔ پی آئی اے کی بکنگ کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف 24 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 758کی بزنس کلاس میں نواز شریف کی بکنگ کرائی گئی ہے۔ سابق وزیر اعظم 23اکتوبر کو لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے مقامی وقت کے مطابق رات8 بجکر 20 منٹ پر روانہ ہوں گے جبکہ ان کے ٹکٹ پر لاہور آمد کا وقت 24 اکتوبر صبح 8 بجکر 20 منٹ درج ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ ان کے سیکرٹری حنیف خان بھی ہوں گے۔ قبل ازیں اطلاعات تھیں کہ نوازشریف نے قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 758 کی بزنس کلاس میں بکنگ کرائی ہے جو 21 اکتوبر کی شام 5 بجے لندن سے روانہ ہو کر 22 اکتوبر کی صبح 4 بجے لاہور پہنچے گی۔