پی پی پی عوامی امنگوں کی ترجمان جماعت ہے، راجہ امجد خان

October 23, 2017

برمنگھم (ابرار مغل) پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کی صدارت کے امیدوار راجہ امجد خان نے اپنی انتخابی مہم کو تیز کرتے ہوئے مختلف شہروں میں پی پی پی برطانیہ کے رہنمائوں، کارکنوں اور جیالوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا۔ برمنگھم سمیت مختلف شہروں میں ملاقاتوں کے دوران ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں پی پی پی کو فعال اور منظم کرکے بھٹو ازم کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ پی پی پی عوامی امنگوں کی ترجمان واحد سیاسی جماعت ہے جو پاکستانی عوام کے لیے سماجی پروگرام رکھتی ہے۔ پی پی پی کے بانیان نے اپنے خون کے نذرانے پیش کرکے ثابت کیا کہ جمہوریت اور ملکی استحکام کے لیے قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ راجہ امجد خان نے مختلف کارکنوں اور جیالوں کو یقین دلایا کہ وہ منتخب ہوکر کارکنوں اور جیالوں کو ساتھ لے کر پارٹی کے استحکام اور بھٹو ازم کی تکمیل کے لیے دن رات ایک کریں گے۔ ان کے ہمراہ پی پی پی برطانیہ کے مرکزی رہنما محمد عارف مغل ایڈووکیٹ، احمد رضا، محمد عثمان اور دیگر پارٹی رہنما بھی تھے۔ برمنگھم میں سانحہ کارساز کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ امجد خان اور محمد عارف مغل ایڈووکیٹ نے کہا کہ پی پی پی نے ہمیشہ قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے۔ سانحہ کارساز سے لے کر محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت تک اپنے خون سے ثابت کیا کہ سیاست کس طرح ہوتی ہے۔ دریں اثنا راجہ امجد خان نے اپنے وفد کے ہمراہ پی پی پی کی مرکزی کمیٹی برائے اوورسیز بشیر ریاض سے خصوصی ملاقات کرکے مختلف امور اور تنظیمی لائحہ عمل پر خصوصی بات چیت کی۔ وفد میں عارف مغل ایڈووکیٹ، ڈاکٹر پرویز شیخ، آصف خان، مسعود بکاری شامل تھے۔ اس موقع پر وفد نے مرکزی قیادت بالخصوص محترمہ فریال تالپور کی خدمات اور اوورسیز میں پی پی پی کو فعال کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر پی پی پی کے سینئر رہنما محمد عارف مغل ایڈووکیٹ کو بطور مرکزی سیکرٹری پی پی پی برطانیہ تجویز کیا گیا۔ ممبر اوورسیز کمیٹی بشیر ریاض نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام تجاویز مرکزی قیادت کو پہنچائی جائیں گی۔ جبکہ ریڈنگ میں چوہدری محمد بشارت کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کیا گیا۔ اس موقع پر راجہ اصغر، چوہدری سعید، مسعود بخاری، راجہ نثار کیانی، عارف مغل ایڈووکیٹ، ڈاکٹر پرویز شیخ بھی موجود تھے۔ ریڈنگ میں راجہ اصغر کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے بھی راجہ امجد خان، عارف مغل ایڈووکیٹ اور دیگرنے خطاب کیا۔ شرکا تقریب نے بھی صدارتی امیدوار راجہ امجد خان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔