قائد اعظم ٹرافی،بولرز کا راج،سوئی ناردرن نے سوئی سدرن کو ہرادیا

October 23, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایک اور چار روزہ میچ کا فیصلہ دوسرے دن ہوگیا۔ اتوار کو چوتھے رائونڈ کے دوسرے دن مصباح الحق کی قیادت میں سوئی ناردرن گیس نے سوئی سدرن گیس کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔سوئی سدرن گیس کی ٹیم پہلی اننگزمیں 129 اور دوسری اننگز میں 74 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ دوسری اننگز میں سوئی ناردرن کےمحمد عباس اور عزیز اللہ نے تین تین حسین طلعت اوراسد علی نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ سوئی سدرن نے احمد جمال نے پہلی اننگز میں پچاس رنز دے کر9 وکٹ حاصل کئے تھے۔ دوسری اننگز میں سوئی ناردرن نے جیت کے لئے درکار 63 رنز دو وکٹ کے نقصان پر بنالئے۔ ایبٹ آباد میں پشاور کی ٹیم دوسری اننگز میں65 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ اعزاز چیمہ نے دوسری اننگز میں چھ اور میچ میں دس وکٹ حاصل کئے۔ قبل ازیں پشاور کے پہلی اننگز کے اسکور 181 رنز کے جواب میں لاہور ریجن 148 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ عمران خان سنیئر نے71 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی نے پنڈی کے خلاف پہلی اننگز میں برتری حاصل کر لی۔ راولپنڈی کے پہلی اننگز کے اسکور 123 رنز کے جواب میں کراچی وائٹس نے175رنز بنائے۔ فیصل اقبال نے45 رنز اسکور کئے۔ حسیب اعظم اور نذر حسین نے پانچ پانچ وکٹ حاصل کئے۔ دوسری اننگز میں پنڈی نےسات وکٹ پر140 رنز بنائے تھے۔ محمد سمیع اور عدیل ملک نے تین تین وکٹ حاصل کئے۔