شیخ رشیداورعمران جمہوری عمل میں نقب لگانا چاہتے ہیں،احسن اقبال

October 23, 2017

نارووال/نورکوٹ(نمائندگان جنگ) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ شیخ رشید اور عمران خان پاکستان کے جمہوری عمل میں نقب لگانا چاہتے ہیں، ان دونوں کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی جب کہ عمران خان پہلے اپنے یوٹرن کا جواب دیں پھر ہم پر تنقید کریں، عمران خان سے ایک صوبہ تو چلا نہیں، 20کروڑ عوام کا ملک کیسے چلے گا، ہماری صفوں میں اتنا گند نہیں جتنا تحریک انصاف میں ہے، مجھے دکھ ہے کچھ لوگوں نے اللہ اور رسول سے محبت کا ٹھیکہ خود لے لیا، عوام ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں۔نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے آج پاکستان کو استحکام دیا اور یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا کے اندر وہاں کے عوام پریشان ہیں کیونکہ تحریک انصاف نے ہر شعبے میں انتشار پیدا کر دیا ہے، جو لوگ تحریک انصاف میں گئے تھے اب واپس آ رہے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ الیکشن بل میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے موجود تھے، ختم نبوت میں ایک بال برابر شبے کی بھی گنجائش نہیں، ایمان کا فیصلہ اللہ نے کرنا ہے، مجھے دکھ ہے کچھ لوگوں نے اللہ اور رسول سے محبت کا ٹھیکہ خود لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے ایمان کا فیصلہ کرنے کا اختیار کسی دوسرے کو نہیں، ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو پاکستان میں مذہب کی بنیاد پر افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیں، ختم نبوت میں نہ تو کسی قسم کا کوئی خلل پیدا ہوا اور نہ ہی اس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی، ایسی کسی بھی بات پر کان نہ دھریں جس سے ملک میں انتشار پھیلے۔