کرنسی نوٹ پالیسی، مودی راہول گاندھی کے مذاق کا نشانہ

October 24, 2017

بھارتی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی اپنی تقاریر میں اکثر وزیراعظم مودی کوکرنسی نوٹوں پر پابندی کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں لیکن اب وہ ان کا مذاق بھی اڑارہے ہیں۔

راہول گاندھی نے اپنی حالیہ تقریر میں بھارتی وزیر اعظم کو مذاق کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’پچھلے سال آٹھ نومبر کو مودی جی ٹی وی پر آئے اور بولے، بھائیوں اور بہنوں، میں آپ کا پرادھان منتری ہوں اور اب یہ جو 500 اور 1000 کے نوٹ ہیں، یہ مجھے اچھے نہیں لگتے۔میں ان کو 12 بجے رات کو رد کرنے والا ہوں، ہاہاہاہاہاہا۔۔۔۔۔‘ـ‘

راہول گاندھی نے مزید کہا کہ’ ’مودی نےنوٹوں پر پابندی لگا کر پورے ملک پر کلہاڑی سے حملہ کیاہے اور دو، تین روزگزر جانے کے بعد مودی کو سمجھ ہی نہیں آیا کہ انہوں نے کیا کیا‘‘

راہول گاندھی نے موجودہ حکومت کی جانب سے کرنسی نوٹوں پر پابندی کے فیصلے کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا گھپلا قرار دیا ہے۔

بھارتی حکومت نےگزشتہ برس آٹھ نومبر کو 500 اور 1000 روپے کے کرنسی نوٹوں پر پابندی کا فیصلے کیا ۔نوٹوں پر پابندی کا اعلان کرتے وقت انہوں نے کہا تھا کہ اس کا مقصد کالے دھن کو ختم کرنا ہے اور اس قدم سے بڑی تعداد میں زیر گردش جعلی نوٹوں کا خاتمہ ہو جائے گا اور دہشت گردی کی مالی مدد بند ہو جائے گی۔