جان ایف کینیڈی فائلز، دہائیوں پر مشتمل جاسوسی، نگرانی، مخبریوں اور قتل کی سازشیں بے نقاب

October 30, 2017

کراچی(نیوزڈیسک) امریکی نیشنل آرکائیو کی جانب سے جان ایف کینیڈی فائلز کے آن لائن شائع کئے گئے ہزاروں اہم صفحات نے دہائیوں پر مشتمل جاسوسی، نگرانی،مخبریوں اور قتل کی سازشوں کو بے نقاب کردیاہے۔ اس سلسلے میں امریکی میڈیا کے درجنوں رپورٹرز اور ایڈیٹرزنے ان دستاویزات کا جائزہ لیا اور کچھ انتہائی حیران کن چیزوں کا انکشاف کیا جن کی تفصیلات یہ ہیں۔ 1964کے ایف بی آئی میمو کے مطابق ایک اجلاس میں کیوبن جلاوطنوں نے فیدل کاسترو، راول کاسترو اور ارنسٹو چی گویراکے سر کی قیمت طے کرنے کی کوشش کی، اجلاس میں فیدل کاسترو کو مارنے کی قیمت1لاکھ ڈالر، راول کاسترو ا ور چی گویرا کیلئے20،20ہزار روپے طے پائی۔ 1960کے ایف بی آئی میمو کے مطابق ہالی ووڈ کی ایک انتہائی مہنگی ’’کال گرل‘‘ کو لاس اینجلس کے ایک نامور پرائیوٹ انویسٹی گیٹر ’’فریڈ اوتاش ‘‘ کی جانب سےاس وقت کے سینیٹر جان ایف کینیڈی، انکے برادر نسبتی ، اداکار پیٹر لافورڈ،فرینک سناتراا ور سیمی ڈیویس جونیئر کی’’ سیکس پارٹیز‘‘ کی معلومات حاصل کرنےکیلئے اپروچ کیاگیا تاہم اس کال گرل نے بتایاکہ وہ اس طرح کی چیزوں سے ناواقف ہیں۔ ایف بی آئی کی ایک اور فائل میںبیورو کی جانب سے ’’کیٹی‘‘ نامی اسٹریپرکی تلاش کیلئے کی گئی کوششوں کی معلومات موجود تھیں۔ فائل کےمطابق کینڈی کین نامی ایک اور اسٹریپرکا کہناہےکہ کیٹی ڈلاس نائٹ کلب کے مالک جیک روبی( جس نے لی ہارے اولینڈ کو نومبر1963میں قتل کردیا تھا)کی ایک ایسوسی ایٹ رہ چکی تھی۔ اس سلسلے میں نیو اورلینز کے ایک بزنس ایجنٹ لیون کارنمین کا ایف بی آئی کو کہناتھاکہ اگر وہ کیٹی نامی کسی اسٹریپر کو جانتے ہیں تو وہ کیٹی ریوائل ہے جس نے اگست1963میں خودکشی کرلی تھی۔ ہائوس سلیکٹ کمیٹی کی ایک ڈرافت رپورٹ کےمطابق جان ایف کینیڈی کا قتل کیوباکی جانب سےکرانا اہمیت کا حامل نہیں تھا۔ کمیٹی کی رپورٹ کےمطابق اس بات کا امکان نہیں کہ جان ایف کینیڈی کو کیوبا نے اس لئےمروایا ہوگا کہ سی آئی اےکی جانب سے فیدل کاسترو کو قتل کرنےکی کوشش کی گئی، کمیٹی کو یقین نہیں تھا کہ کینیڈی کو کاسترو نے مروایاہوگا کیوں کہ اس طرح کا اقدام اگر منظر عام پر آجاتا تو امریکا کو کیوبا تباہ کرنے کا موقع مل جاتا۔