مشرف کو بطور متبادل لیڈر لانے کی کوششیں ناکام ہوں گی، سعد رفیق

November 11, 2017

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پرویزمشرف کو متبادل لیڈر کے طور پر سامنے لانے کی کوششیں بری طرح ناکام ہوں گی۔

ن لیگی رہنما سعد رفیق نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بنانےاور توڑنے کامشغلہ ترک کرنا ہوگا،قومی سیاست کا فیصلہ ایوانوں میں نہیں گلیوں،بازاروں میں ہی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم اورپی ایس پی کاانجنیئرڈ ملاپ 24 گھنٹےمیں ناکام ہوا۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مقدمات کے ذریعے مسلم لیگی قیادت کوجکڑنے،بدنام کرنےکےمنصوبے ناکام رہیں گے،عدالتی فیصلوں کے نتیجے میں ختم شدہ حدیبیہ پیپرمل کیس کا دوبارہ اجرا ناانصافی ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ محاذ آرائی ہوئی توکسی کےہاتھ کچھ نہیں آئےگا، تکلیف کے باوجود تحمل سے کام لےرہے ہیں، ناانصافی،زیادتی اورغیرقانونی اقدامات سےگریزکیاجائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناانصافی اوربدگمانی قوم کو منزل سےدورکردے گی،نئے عوامی فیصلےکا انتظارکیاجائے۔