اسحاق ڈار کی مشترکہ مفادات کونسل سے رکنیت ختم،احسن اقبال رکن مقرر

November 14, 2017

اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی حکومت نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی مشترکہ مفادات کونسل سے رکنیت ختم کرتے ہوئے ان کی جگہ احسن اقبال کو کونسل کا رکن مقرر کر دیا ۔ صدر نے وزیراعظم کی تجویز پر منظوری دی ،فوری اطلاق ہوگا،نوٹیفیکیشن جاری،تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی مشترکہ مفادات کونسل سے رکنیت ختم کردی ہے جبکہ ان کی جگہ وزیر داخلہ کو مشترکہ مفادات کونسل کا رکن مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔وزیر داخلہ احسن اقبال اب اسحاق ڈار کی جگہ مشترکہ مفادات کونسل میں فیڈریشن کے رکن ہوں گے۔

صدر مملکت نے وزیراعظم کی تجویز پروزیرخزانہ کی رکنیت ختم کرنے کی منظوری دی ہے، اس کا اطلاق بھی فوری طور پر ہوگا۔اس کے علاوہ فیڈریشن کے ارکان میں وزیر بین الصوبائی رابطہ اور وزیرصنعت وپیداوارکو بھی کونسل میں شامل کیا گیا ہے،واضح رہے کہ اسحاق ڈار علالت کے باعث لندن کے مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔