بی پی ایل: کھلنا نے چٹاگانگ کو،راجشاہی نے سلہٹ کومات دیدی

November 17, 2017

بنگلا دیش پریمیر لیگ میں آج مزید2 میچز کا فیصلہ ہو گیا، کھلنا ٹائٹنز نے چٹاگانگ وائی کنگز کو 5وکٹ سے اور راج شاہی کنگز نے سلہٹ سکسرز کو7 وکٹ سے شکست دےدی۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے لیگ کے 18ویں میچ میں چٹاگانگ وائی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کھلنا ٹائٹنز کے خلاف 5 وکٹ پر 160 رنز بنائے ،ٹیم کی جانب سے انعام الحق نے 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ سومیا سرکار 32 رنز بنا سکے تاہم ٹائٹنز کے بولر ابو جاید نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں کھیلنا ٹائٹنز کے رائلی روسو اور محمود اللہ ہدف کا تعاقب عمدہ طریقے سے کیا اور بل ترتیب 49 اور 48 رنز اسکور کیے اور میچ10 گیندوں قبل 5 وکٹ سے اپنے نام کیا ،محمود اللہ 48 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔

اس سے قبل آج لیگ میں کھیلے گئے پہلےمیچ میں راج شاہی کنگز نے سلہٹ سکسرز کو 7 وکٹ سے ہرا یا۔

سلہٹ سکسرز نے مقررہ20 اوورز میں 6وکٹ پر 146رنز بنائے، ٹیم کی جانب سے صابر رحمٰن 41 اور گونا تھلاکے 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ٹم بریسنن نے 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کنگز کے بولرز کی جانب سے کیسرک ولیمز نے 2وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں راج شاہی کنگز نے ہدف 18ویں اوور میں3 وکٹ پر ہی حاصل کرلیا، ذاکر حسن نے صرف 26 گیندوں پر 51رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی وہ آخر تک ناقابل شکست رہے جبکہ مومن الحق نے 42رنز کی اننگز کھیلی۔

بی پی ایل میں کل بروز ہفتہ بھی 2 میچز کا انعقاد ہوگا، جہاں پہلا مقابلہ راجشاہی کنگز اور ڈھاکا ڈائینامائٹس کے درمیان ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12بجے شروع ہوگاجبکہ لیگ میں دوسرا میچ شام 5 بجے کومیلا وکٹورینز اور رنگپور رائیڈرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

دونوں میچ ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور جیو سپر پر براہ راست نشر ہوں گے۔