سرور جاوید کی شاعری میں روح عصر نمایاں ہے، پروفیسر منظر ایوبی

November 20, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز شاعر اور ماہر تعلیم پروفیسر منظر ایوبی نے کہا ہے کہ سرور جاوید کی شاعری میں روح عصر نمایاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل کی لائبریری کمیٹی کی جانب سے معروف شاعر اور نقاد سرور جاوید کے دوسرے مجموعہ کلام ’’خواب بدل گئے مرے‘‘ کی تعارفی تقریب کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کیا، جس کے مہمان خصوصی پروفیسر انوار احمد زئی اور مہمان اعزازی ڈاکٹر عالیہ امام تھیں۔ ماہا خان نے نظامت کی، دیگر مقررین میں صغیر احمد جعفری، حیات رضوی امروہوی، ڈاکٹر عبدالمختار، سہیل احمد، حمیدہ کشش اور وقار زیدی شامل تھے۔ منظر ایوبی نے کہا کہ سرور جاوید، کمیٹڈ، ترقی پسند ہیں۔ انہوں نے منفرد نظریہ شعر وضع کیا ہے، وہ بنیادی طور پر غزل کے شاعر ہیں لیکن ان کی نظموں کا کینوس بہت وسیع ہے۔ پروفیسر انوار احمد زئی نے کہاکہ سرور جاوید ترقی پسند ہیں لیکن ان میں جدیدیت چھپی ہوئی ہے، وہ شاعر اور نقاد ہی نہیں ایک معلم بھی ہیں لیکن اب ان کا انداز بدل گیا ہے۔