سندھ میں غیر مقامی افراد کی آباد کاری کیخلاف احتجاجی مظاہرے

November 20, 2017

سکھر+ٹھٹھہ+نوشہرو فیروز (بیورو رپورٹ/نامہ نگاران )سندھ میں غیر مقامی افراد کی آباد کاری کیخلاف احتجاجی مظاہرےکئے گئے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ غیرمقامی افراد کو شناختی کارڈ بنا کر دینا عوام دشمنی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سکھر ۔عوامی تحریک کی جانب سے سندھ میں بنگالی،ا فغانیوں سمیت دیگر کو شناختی کارڈ بنا کر دینے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت عوامی تحریک کے مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر رسول بخش خاصخیلی نے کی۔ مظاہرے میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی، عوامی جمہوری پارٹی، جسقم، جئے سندھ محاذ کے کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ غیر مقامی افراد کو شناختی کارڈ بنا دینا عوام دشمنی ہے۔ ٹھٹھہ۔ سندھ ترقی پسند پارٹی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی اور عوامی تحریک کی جانب سے سندھ میں غیر مقامی لوگوں کی آبادکاری اور غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے خلاف ناتھو خان بروہی، عمران خشک و دیگر کی قیادت میں ایدھی سینٹر سے پریس کلب ٹھٹھہ تک ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے اور غیر مقامی افراد کی سندھ میں آبادکاری کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے بصورت دیگر احتجاجی تحریک چلائیں گے۔نوشہرو فیروز۔ سندھ میں غیرمقامی افراد کی آبادگاری کے خلاف قوم پرست تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئي اس موقع پر ایس یو پی کے رہنماء خادم حسین سیال، عوام تحریک کے عبدالسلام، ایس ٹی پی کے حبیب مشوری، جسقم کے اسد عمرانی اور ديگر نے کہا کہ ایک منظم سوچی سمجھی سازش کے تحت سندھ میں غیر مقامی لوگوں کی آبادگاری کی جارہی ہے تاکہ سندھ میں سندھیوں کو اقلیت میں تبدیل کیا جائے۔ جس کی ہم مذمت کرتے ہيں۔ سامارو: سندھ میں برمی ،بنگالی، افغانی و دیگر غیر مقامی باشندوں کی آبادکاری،کرپشن اور پانی کی کمی کے خلاف سامارو پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش مالہی، نوول رائے میگھواڑ، ہرلال میگھواڑ چیتن میگھواڑ نے کہا کہ سندھ میں برمی بنگالی، افغانی ودیگر غیر مقامی باشندوں گیروں کو آبادکیا جارہا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔