اسلام آباد دھرنے کا پندرہواں دن، کراچی میں بھی دھرنا جاری

November 20, 2017

اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے فیض آباد انٹرایکسچینج پر ہونے والا دھرنا 15 ویں روز میں داخل ہوگیا۔

دھرنے کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے حتمی مشاورت کے لیے وزیر داخلہ نے آج تمام مکاتب فکر کے مرکزی علمائے کرام کا ہنگامی اجلاس بُلالیا ہے۔

ادھر کراچی میں بھی ایم اے جناح روڈ، نمائش چورنگی پر گزشتہ روز شروع ہونے والا مذہبی جماعت تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دھرنا جاری ہے، تاہم صدرجانے والا روڈ ٹریفک کےلیےکھول دیاگیا ہے۔

دھرنے کے شرکاء نے سڑک کے کنارے پر دھرنا جاری رکھا ہے اور دونوں سڑکیں ٹریفک کے لیے کھول دی ہیں۔

شرکاء کا کہنا ہے کہ دھرناجاری رہے گا، سڑک ٹریفک کے لیےبند نہیں کی جائے گی۔

گرومندر سے صدر جانے والی سڑک بھی آمدورفت کے لیےکھول دی گئی ہے۔

رات گئے دھرنا مظاہرین نے نمائش چورنگی سے صدر جانے والی سڑک بند کر دی تھی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق نمائش چورنگی پر دھرنے کے باعث لگائی گئی رکاوٹیں ہٹادی گئی ہیں جبکہ دونوں سڑکیں پوری طرح کھلی ہیں۔