بالی ووڈ کےخانز کا اس سال بھی فلم انڈسٹری پر راج

December 11, 2017

بھارتی فلم انڈسٹری کی شان سمجھے جانے والے بالی ووڈ کے تینوں خانز شاہ رخ، سلمان اور عامر خان 2017 میں بھی فلم انڈسٹری پر قابض رہے۔

انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس ایک آن لائن ڈیٹا بیس سسٹم ہے جس میں فلموں، ٹیلی ویڑن پروگرامزاور ویڈیو گیمز سے متعلق معلومات درج ہوتی ہیں۔

آئی ایم ڈی بی نے 2017 کے ہندی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے ٹاپ 10 اسٹارز کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ کئی دہائیوں سے بالی ووڈ پر راج کرتے آرہے تینوں خانز شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان اس سال بھی بھارتی فلم انڈسٹری پر چھائے رہے۔

آئی ایم ڈی بی کی فہرست کے مطابق شاہ رخ خان اپنی دو فلمیں رئیس اور جب ہیری میٹ سجل کے ساتھ رواں سال بالی ووڈ پر چھائے رہے جبکہ اس لسٹ میں دوسرے نمبر مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان ہیں جو اپنی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘میں نظر آئے تاہم 2016 میں ریلیز ہوئی فلم’دنگل‘کی کامیابی کے باعث وہ رواں سال بھی خبروں میں رہے۔

بالی ووڈکے سلطان سلمان خان 2017 میں مقبولیت میں تیسرے نمبر پر رہے۔ اس سال ان کی فلم ’ٹیوب لائٹ‘بالی ووڈ پر ناکامی کا شکار ہوگئی لیکن فلم ’ٹائیگرزندہ ہے‘کے باعث وہ ایک بار پھر خبروں کا مرکز بن گئے جب کہ فلم کے ٹریلر نے انہیں ایک بار پھر مقبول اداکاروں کی فہرست میں لا کھڑا کیا۔

اس فہرست میں چوتھے نمبر پر تمنا بھاٹیا،پانچویں پر پربھاس،چھٹے نمبر پر عرفان خان،ساتویں پر انوشکا شرما،آٹھویں پر انوشکا شیٹھی،نویں پر ہرتیک روشن جبکہ دسویں نمبر پر بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف کا نام درج ہے۔