کوہلی اور انوشکا رشتہ ازدواج میں بندھ گئے

December 11, 2017

باکس آفس کی شہزادی انوشکا شرما اور کرکٹ کے میدانوں کے راجا ویرات کوہلی نے اٹلی میں شادی کرلی ۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور رن مشین ویرات کوہلی اور بالی ووڈ حسینہ انوشکاکی شادی کی تصاویر جاری کردی گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کی شادی آج اٹلی کے شہر میلان میں ہوئی ،جوڑے نے 7پھیروں کے دوران جنم جنم ساتھ رہنے کے وعدے کئے ۔

سری لنکاٹیم کے دورے کے دوران ویرات کوہلی نے کرکٹ میدان سے ایک ماہ کی چھٹی لی ، تب سے ان کی انوشکا سے شادی کی خبریں گرم تھیں،پہلے دونوں اٹلی پہنچے پھر ان کے گھر والے بھی پہنچ گئے ۔

سب نے دبے دبے اور چھپے لفظوں میں مبارک باد بھی دے دی، اب تک جو 7 پردوں میں ہورہا تھا وہ سب کے سامنے آگیا، ہنستے مسکراتے،خوشی سے کھل کھلاتے چہروں نے ساری دنیا کی توجہ حاصل کرلیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دونوں نے اپنے مداحوں کو وہ خبر بھی دے دی،جس کا انتظار کئی دنوں سے تھا،دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں 1988میں پیدا ہوئے بلکہ مہینوں کے لحاظ سے انوشکا کچھ مہینے اپنے ’سیاں‘ سے بڑی ہیںجبکہ دونوں کا بھارتی ریاست یوپی سے ہے۔

ویرات نے اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ2008ءمیں کھیلا، یہی وہ سال تھا، جب انوشکا نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘سےاپنے فلمی کیریر کا آغاز کیا تھا۔

ابھی تو شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا، ممبئی میں شادی کا پہلا استقبالیہ 21 دسمبر کو ہوگا جس میں خاندان کے افراد شریک ہوں گے جبکہ فلم انڈسٹری اور کھیل کے میدان سے وابستہ شخصیات کے لئے 26 دسمبر کو تقریب رکھی گئی ہے۔

ویرات کی میدان میں پرفارمنس کے پیچھے بھی ان کی محنت اور انوشکا کا ساتھ ہے جس کاوہ کھلے لفظوں میں اعتراف کرتے رہے ہیں۔