کراچی :گودام میں آتشزدگی، ایک حصہ منہدم، دوسرا مخدوش

December 12, 2017

کراچی میں سپرہائی وے پر واقع سبزی منڈی میں قائم گودام میں لگی آگ 16 گھنٹے بعد بجھا دی گئی۔ آگ بجھانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری جبکہ آگ کے باعث گودام کا ایک حصہ گرگیا جبکہ دوسرا مخدوش ہوگیا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے گودام میں پرانےکپڑے اوردیگر سامان موجود تھا، بھوسےکی وجہ سےآگ تیزی سے پھیلی۔

سبزی منڈی میں واقع گودام میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑی کو روانہ کیا گیا۔

گودام کے مالک کے مطابق پانی ختم ہونے پر فائر بریگیڈ کی گاڑی کئی کلو میٹر دور جاکر دوبارہ پانی بھرنے جاتی جس سے گودام پھر بھڑک جاتی ہے۔

مالک نے الزام عائد کیا کہ فائربریگیڈ کا کوئی افسر جائے وقوع پر نہیں پہنچا۔

گودام میں لگی آگ کے باعث دو منزلہ عمارت کا ایک حصہ گرگیا جبکہ دوسرا حصہ مخدوش ہوگیا ہے، گودام میں کروڑوں روپے کا بھوسا، لنڈے کے کپڑے اور لہسن موجود تھا۔

ایک سماجی تنظیم کے فائرٹینڈر نے بھی آگ بجھانے میں حصہ لیا۔

حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی 8 سے زائد گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔