اسحٰق ڈارکودل کی بیماری نہیں،جان بوجھ کرمفرورہیں،احتساب عدالت

December 13, 2017

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،جنگ نیوز) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ اسحٰق ڈار کو دل کی بیماری نہیں، جان بوجھ کر مفرور ہیں،بھارتی ڈاکٹر کی رپورٹ کیس کی طوالت کیلئے حاصل کی گئی، ضامن تین دن میں زر ضمانت کے پچاس لاکھ روپے جمع کرائے ورنہ جائیداد نیلام کردینگے ۔ تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار نے ریفرنس میں تاخیر کیلئے بھارتی ڈاکٹر کی میڈیکل رپورٹ پیش کی جبکہ برطانوی ڈاکٹر کی رپورٹ کے مطابق اسحٰق ڈار کو دل کی بیماری لاحق نہیں ۔ اسحٰق ڈار کے دونوں ڈاکٹروں کے مشا ہدا ت ایک دوسرے سے مختلف ہیں، انھیں دل کی سر جر ی کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی بلکہ جان بوجھ کر سماعت سے راہ فرار اختیار کی ہوئی ہے، ڈاکٹروں کے مطابق اسحٰق ڈار کے دل کی شریان بند نہیں ہوئی۔فیصلے میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار طلبی کے سمن اور وارنٹ گرفتاری کے اجراء کے باوجود غیر حاضر رہے، ملزم بذریعہ اشتہار طلبی کے احکامات کے باوجود پیش نہ ہوا۔حکم نامے کے مطابق اسحاق ڈار کی طرف سے مختلف میڈیکل رپورٹس جمع کرائی گئیں جن میں ڈاکٹر نے اسحاق ڈار کو لندن سے پاکستان کا سفر کرنے سے منع نہیں کیا جبکہ ڈاکٹر رنجیت کی رپورٹ کیس کو طول دینے کیلئے حاصل کی گئی۔فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ ملزم وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے کترا رہا ہے، مستقبل قریب میں اسحاق ڈار کی گرفتاری کا کوئی امکان نہیں لہٰذا حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔حکم نامے کے مطابق ضامن احمد علی قدوسی ملزم اسحاق ڈار کو پیش کرنے میں ناکام رہا لہٰذا وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں، ضامن 3 دن میں زر ضمانت کے 50 لاکھ روپے جمع کرائے ورنہ ضامن کی جائیداد قرق کر کے نیلام کر دی جائے گی۔