نئی سینیٹ منتخب کرنا موجودہ اسمبلیوں کا حق ہے ،رحمٰن ملک

December 13, 2017

اسلام آباد( طاہر خلیل) اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے موقف اختیار کیا ہے کہ نئی سینیٹ منتخب کرنے کا حق موجودہ اسمبلیوں کا ہے۔سابق وزیر داخلہ اورسینیٹ کی داخلہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر رحمٰن ملک کاکہنا ہے کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ موجودہ اسمبلیاں آئینی مدت پوری کریں تاکہ مسلم لیگ مظلوم نہ بن سکے،پی ٹی آئی کا قبل ازوقت الیکشن کا مطالبہ غیر آئینی ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے رحمٰن ملک کاکہنا تھاکہ سینیٹ کا الیکشن مارچ 2018 میں ہونا ہے اور اسمبلیوں کی مدت جون 2018 تک ہے اسی لئے نئی سینیٹ کو منتخب کرنے کا حق موجودہ اسمبلیوں کا ہی ہے، ،ایک سوال کے جواب میں رحمنٰ ملک نے کہاکہ تحریک انصاف کا قبل ازوقت الیکشن کا مطالبہ غیر آئینی ہے۔سینیٹر رحمنٰ ملک نے کہا کہ حکمران جماعت نے جو روش اختیار کررکھی ہے اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ یہ حکومت خود اپنے آپ کو گرانا چاہتی ہے تو اس کا کوئی علاج نہیں۔