جمعیت کی احتجاجی ریلی کو پولیس نے امریکی قونصل خانہ جانے سے روکدیا

December 13, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ا مریکی صدرکے متنازع فیصلے پر اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے کارکنان کی جانب سے امریکی قونصل خانہ کے سامنے احتجاج ،پولیس نےسڑک کو بلاک کردیااور حفاظتی انتظامات کے تحت ریلی کے شرکاءسلطان آباد سے آگے نہ جاسکے ،پولیس افسران نے ریلی کےشرکاءسے مذاکرات کے بعد ان کو منتشر کردیا ، احتجاج کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا، تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کے متنازع فیصلے پر اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کی جانب سے امریکی قونصل خانہ کے باہر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا گیا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے سخت ترین حفاظتی اقدامات کرتے ہو ئے مائی کلاچی روڈ کو کنٹینر لگا کر عام ٹریفک کے لیے بند کردیا اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ درجنوں گاڑیوں کو بھی تعینات کردیا ،اسی دوران ریلی کے شرکاءنےاسرائیل اور امریکی صدر کے خلاف شدید نعرے لگاتے ہوئے پی آئی ڈی سی چوک سے سلطان آباد کی جانب پہنچےاس دوران طلبہ نے بینرز اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جس پر اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے، طلباء نے مائی کلاچی روڈ پر داخل ہو نے کی کوشش کی جس پر پولیس کے اعلی افسران موقع پر پہنچ گئے اور ریلی کے شرکاءکو آگے جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا،اس دوران پولیس اور طلبہ کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی تاہم پولیس حکام نے ریلی کے منتظمین کو پابندی سے متعلق آگاہ کیا اور مذاکرات شروع کر دیے اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد مذاکرات کامیاب ہونے سے ریلی کے شرکاءسلطان آباد پل سے پر امن طور پر منتشر ہو گئے، دوسری جانب ماڑی پور روڈ سے مائی کلاچی روڈ اور سلطان آباد سے مائی کلاچی روڈ کی بندش کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر رہا اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام میں ہزاروں گاڑیاں گھنٹوں پھنسی رہیں۔