زمبابوےکے پاس پیسے ختم، فرسٹ کلاس کرکٹ میچز منسوخ

December 13, 2017

ہرارے ( جنگ نیوز ) زمبابوے کرکٹ کا مالی بحران ایک بار پھر شدت اختیار کرگیا۔ بورڈ حکام نے رقم کی کمی کے سبب موجودہ سیزن میں باقی تمام فرسٹ کلاس میچز منسوخ کردیے ہیں۔ بورڈ ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی بھی مشکل ہوگئی ہے۔ 6دسمبر کوزمبابوے کرکٹ بورڈ کے اسٹاف کو جاری کئے گئے دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ بورڈ مالی بحران کا شکار ہے جس کے سبب نومبر کی تنخواہ 50 فیصد ادا کی جائے گی جبکہ دسمبر کی تنخواہ بعد میں دی جائے گی ۔زمبابوے کرکٹ اس وقت دسمبر کیلئے فنڈز بچانے کی کوشش میں ہے مگر اس کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی ۔زرائع کے مطابق زیادہ امکانات یہی ہیں کہ دسمبر کی تنخواہیں وسط جنوری 2018 تک ادا کی جائینگی ۔دوسری جانب زمبابوے کرکٹ کے کچھ اسٹاف کو سال کے آخر تک کام کرنے کی ہدایات بھی کی گئیں ہیں ،تاکہ اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ مارچ میں ورلڈ کپ کوالیفائر ز کیلئے سہولیات تیار رہیں ۔زمبابوے کرکٹ بورڈ پانچ کرکٹ اسٹیڈیمز کی تزین و آرائش پر کام کر رہا ہے۔ جس میں ہرارے اسپورٹس کلب ،اولڈ ہرارینز ، کوئین اسپورٹس کلب ،بلاوائیو ایتھلیٹک کلب اور کیوکیواسپورٹس کلب شامل ہیں ۔جبکہ ٹاکاسنگھا کرکٹ کلب اور اولڈ میوچل ہیلتھ اسٹریک اکیڈمی کو پریکٹس کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔ان کاموں میں میدان میں نئ گھاس لگانا ،عارضی ڈھانچے کی تعمیر اور مرمت اور کمروں اور میڈیا سینٹرز کو تیار کرنا ہے ۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیم کا دورہ زمبابوے آجکل میں ہی متوقع ہے ۔دورے کا مقصد انتطامات کا جائزہ لینا ہے ۔ واضح رہے کہ لوگان کپ کے دو میچز اور دسمبر 10 سے 18 تک ہونیوالے میچز منسوخ کر دیئے گئے ہیں ۔