ریلوے اراضی وا گزار کرانے کیلئے کارروائی، 17عمارتیں مسمار

December 14, 2017

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں اینٹی انکروچمنٹ کے عملے نےسائٹ ایریا صنعتی زون میں ریلوے کی اراضی واگزار کرانے کیلئے شروع کئے گئے آپریشن کے دوران مزید 17تین منزلہ مکانات کو مسمارکردیا، مہلت طلب کرنے کیلئے شدید مزاحمت کرنے والے قابضین کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی، ڈپٹی کمشنر نے آپریشن مکمل ہونے تک اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد کی نگرانی میں کیمپ قائم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد سلیم راجپوت کی نگرانی میں سائٹ ایریاصنعتی زون میں ریلوے کی قیمتی اراضی واگزارکرانے کیلئے جاری آپریشن کے دوران اینٹی انکروچمنٹ سیل کے عملے نے بھاری مشینری سے مزید 17 تین منزلہ مکان مسمار کر دیےجبکہ قبضے کیلئے بنائی جانیوالی چاردیواری بھی مسمارکردی گئی،منگل کے روز کارروائی کے دوران بعض قابضین نے مہلت طلب کرنے اور تجاوزات بچانے کیلئے شدید مزاحمت کی جسے پولیس کی بھاری نفری نے ناکام بنا دیا، ریلوے لائن کے ساتھ مذکورہ قیمتی اراضی پر لینڈمافیا اور قابضین نے قبضہ کرکے چائناکٹنگ کے ذریعے فروخت کر دی تھی جس پر 100سے زائد مکان، کمرشل تعمیرات اورقبضے کیلئے چاردیواریاں بنائی گئی تھیں، آپریشن کے دوران سائٹ زون پولیس کی بھاری نفری، فائر بریگیڈ، ایمبولینس اورریسکیوٹیمیں بھی موجود رہیں۔