غزہ میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ،4فلسطینی مظاہرین شہید

December 16, 2017

غزہ، مقبوضہ بیت المقدس (جنگ نیوز) مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے متنازع فیصلے کے بعد غزہ پٹی سمیت فلسطین کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جمعے کے روز بھی جاری رہا، فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 4فلسطینی مظاہرین شہید ہو گئے ۔ امریکی صدر کے متنازع فیصلے کے خلاف شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے جبکہ اب تک ایک ہزار مظاہرین زخمی ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز مظاہرین پر فائرنگ سے 40 سے زائد مظاہرین زخمی بھی ہوئے۔ رملہ میں دو اور غزہ میں تین زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی ہے۔ فلسطینیوں کی جانب سے احتجاج کا اعلان حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے جمعرات کو کیا تھا۔ گزشتہ روز مظاہرین نے امریکی اور اسرائیلی جھنڈے اور ٹرمپ کی تصاویر نذر آتش کیں۔ گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد فلسطینی نوجوانوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، اس دوران کئی مقامات پر صیہونی افواج اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ غزہ میں یوم غضب کے موقع پر لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ مغربی کنارے میں بھی ہزاروں افراد نے الخیل شہر میں احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ نابل اور الاروب کیمپ میں بھی مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں 30 ہزار کے قریب افراد نے نماز ادا کی۔