حکومت کاروپے کی قدرکم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں،وزیراعظم

December 16, 2017

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ روپے کی قدر کم ہونے سے مہنگائی صرف اعشاریہ5فیصدبڑھے گی اورمعیشت پر معمولی اثرات مرتب ہوں گے لیکن تجارتی اور جاری کھاتوں کے خسارے پر اس کے مثبت اثرات ہوں گے جبکہ ڈالرکی قدر کا تعین مارکیٹ کرے گی۔ جمعہ کے روز غیر ملکی جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا روپے کی قدر کم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں‘ روپے کی قدر کم ہونے سے مہنگائی صرف اعشاریہ 5فیصد تک بڑھے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی مالیاتی فنڈز(آئی ایم ایف) کے مشن چیف نے کہا تھا کہ انہوں نے پاکستان میں روپے کی قیمت میں تبدیلی کیلئے کوئی دبا ئو نہیں ڈالا اور وہ اسٹیٹ بنک کی جانب سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں تبدیلی کا خیر مقدم کرتا ہے۔