شیخ رشید کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان

January 17, 2018

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر تے ہوئے عمران خان کو بھی دعوت دی ہے کہ آپ بھی استعفیٰ دیں۔

لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے تحت ہونے والے متحدہ اپوزیشن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نےاپنی قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

شیخ رشید نے اس موقع پر نہ صرف خود استعفیٰ دینے کا اعلان کیا بلکہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھی ان کے ساتھ مستعفی ہونے کا اعلان کریں۔

شیخ رشید کاکہنا تھا کہ 'میں اسمبلی سے استعفیٰ دیتا ہوں، عمران خان آؤ آپ بھی استعفیٰ دو۔

شیخ رشید کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف نے امریکا کے کہنے پر ختم نبوت کا معاملہ چھیڑا، یہ بے شرم تقریروں سے نہیں جائیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان لاٹھی، نیزہ اٹھاؤ جاتی امرا کی طرف مارچ کرو، زینب کا واقعہ صرف قصور کا نہیں، ملک میں کئی ایسے واقعات ہوئے ہیں۔

اس سے قبل 2014ء کے دھرنے میں عمران خان نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا ۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے 31 ارکان نے اپنے استعفے جمع کرادیئے تھے تاہم ان میں سے صرف جاوید ہاشمی کا استعفیٰ منظور ہوات تھا جبکہ دیگر اراکان کے استعفوں کی تصدیق نہ ہونے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے منظور نہیں کیے تھے۔

عمران خان کے اعلان کے بعد شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'جس دن عمران خان قومی اسمبلی سے مستعفی ہوں گے میں بھی ہوجاؤں گا۔

شیخ رشید کے استعفیٰ دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کہتے ہیں کہ اسمبلی سے استعفیٰ دینے کا وقت گزر چکا ہے، اب اگر استعفیٰ دیاجائے تو ضمنی انتخاب نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب شیخ رشید پنڈی کے کسی جنازے یا کسی تقریب میں نظر نہیں آتے، لوگ پنڈی میں شیخ رشید کا انتظار کر رہے ہیں، کہ وہ نظر آئیں تو پتھر ماریں۔