اولیو ٹری پرائمری سکول طلبہ کو معیاری تعلیم دینے سے قاصر رہا، آفسٹیڈ

January 18, 2018

لوٹن(توقیرلون)ایجوکیشن واچ ڈاگ آفسٹیڈ کی رپورٹ کے مطابق اولیو ٹری پرائمری سکول اپنے طلباء کو مقررہ معیار تعلیم اور دیگر لوازمات فراہم کرنے سے قاصر رہا۔ سکول میں 5سال اور 11سال کی عمر تک کے بچے زیر تعلیم ہیں جن کی کل تعداد 80کے قریب ہے۔ آفسٹیڈکےرپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سکول میں ایسے مصنف کی کتابوں کی موجودگی تشویش ناک ہے جن پر برطانوی اقدار کے خلاف ہونے کی وجہ سے برطانوی سکولوں میں پابندی عائد ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایسی کتابیں بچوں کو شدت پسندی کی ترغیب دیتی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ سکول میں کھانے کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے بچے پیکڈ لنچ لاتے ہیں اور اپنی کٹلری ٹوائلٹ بیسن میں دھوتے ہیں۔ سکول کی ٹوائلٹس میں صابن ٬ تولیہ اور ٹوائلٹ پیپر نہ ہونے کی وجہ سےصفائی کاحال بھی خراب ہے۔بچے کھانے پینے کی اشیاء سکول کے احاطہ میں ہی پھینک دیتے ہیں جو پڑی پڑی گل سڑ جاتی ہیں اور انہیں وہاں سے صاف نہیں کی جاتا۔ سکول انتظامیہ کی طرف سے آفسٹیڈ کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوے اسے غیر منصفانہ قرار دیا گیاہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ ہر کلاس روم میں بچوں کیلئے ایک علیحدہ واشنگ سنک موجود ہے، جس میں وہ اپنی کٹلری اور برتن دھو سکتے ہیں،نصابی سرگرمیوں میں بچوں کو برطانوی اقدار کے مطابق ہی تعلیم دی جا رہی ہے۔ سکول میں ایسی کتب جو کہ جارحانہ مواد کی وجہ سے بین ہیں ماضی میں انہیں ہٹا دیا گیا تھالیکن صرف ایک کتاب کی وجہ سےاعتراض کیا گیا۔ سکول انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سکول کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئےسینئر مینجمنٹ سٹاف میں تبدیلی کی گئی ہے اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں اسکول کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔