معصوم بچوں اور بچیوں کا قتل دہشت گردی کا نیا انداز ہے، علی رضا حیدر

January 18, 2018

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) الحسین مسجد چیتہم ہل مانچسٹر میں مجلس علمائے شیعہ یورپ کی سالانہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مرکزی صدر مجلس علما شیعہ یورپ، جنرل سیکریٹری مولاناسید علی رضا حیدر، مولانا سید فدا حسین بخاری، مولانا سید نجم الحسن نقوی، مولانا ارشد ترابی، مولانا محمد حسین معروفی، مولانا ڈاکٹر سید عباس نقوی، ڈاکٹر حماز نقوی کے علاوہ برطانیہ بھر سے علمائے کرام نے شرکت کی ۔ تنظیم کے صدر مولانا سید علی رضا حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء کرام نے برادشت، تحمل، صبر اور رواداری کا درس دیا۔ دہشت گرد اولیاء اللہ کے آستانہ ، مساجد اورامام بارگاہوں کو نشانہ بناکر لوگوں میں بے یقینی اور خوف پیدا کرنے کی ناکام کوشش کرتے رہے ہیں اور پاکستان میں اب دہشت گردی کا نیا انداز جو کہ معصوم بچوں کے قتل کا شروع کیا گیا ہے ہمیں یقین ہے کہ پاکستانی عوام اور پاک افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسی گھٹیا حرکت سے نمٹنے کے لئے مقابلہ کریں گے۔ مولانا سید علی رضا حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ ہمارا ملک ہے یہاں پر نئی نسل پروان چڑھنے والے کو تعلیم کے اعلیٰ زیور سے آراستہ کریں تاکہ وہ تعلیم مکمل کرنے کے ساتھ کامیاب زندگی گذار سکے ۔ مولانا سید فدا حسین بخاری، سید نجم الحسن نقوی، مولانا ارشد ترابی، مولانا محمد حسین ،ڈاکٹر سید عباس نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قصور میں زینب کو قتل نہیں کیا گیا بلکہ پورے پاکستان کی بچیوں کو غیر محفوظ کیا گیا۔ تقریب میں قیصر عباس بخاری، سید فرحت عباس، سیدہ عظمیٰ جعفری، فائزہ عباس، غزالہ شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قصور میں بچوں سے زیادتی اورقتل کے واقعات تسلسل سے ہو رہے ہیں اس موقع پر والدین کو بھی سبق سیکھنا چاہئے۔ اس موقع پر سید منیر حسین،سید سجاد کاظمی، سید امتیاز کاظمی، سید جوہر کاظمی، سید اشفاق کاظمی، ڈاکٹر آفتاب احمد، امانت علی غوری، سید انجم الحسن، شیخ رضا، سید عباس تراب کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔