فاٹا تک عدالتی دائرہ کار کی توسیع اہم پیش رفت ہے،یونس بو نیری

January 18, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے کہا ہے کہ فاٹا ریفارمز کے حوالے سے سرتاج عزیزکمیٹی کی رپورٹ پورے پاکستان کے عوام کے جذبات کی آئینہ دار ہے سرتاج عزیزکمیٹی کی رپورٹ کی تیاری کے وقت سب سے زیادہ مشاورت بھی جے یو آئی(ف) کے رہنماؤں سے کی گئی ، رپورٹ پرعمل درآمد کی باری آئی تو وہ سب سے زیادہ مخالفت کررہے ہیں، فاٹا تک عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ کے دائرہ کار کی توسیع بہت بڑی پیشرفت ہے، 12 جنوری کو قومی اسمبلی میں پیش ہونے والا فاٹا ریفارمز بل قبائل کے خیبر پختونخوا میں انضمام کی جانب پہلا قدم ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو الآصف اسکوائر سہراب گوٹھ میں فاٹا ریمارمز بل کی قومی اسمبلی سے منظوری کی خوشی میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے مزید کہا ہے کہ ملک کے آئین اور قانون کے تحت زندگی گزارنا چاہتے ہیں اور آج کا اجتماع اس سلسلے کی کڑی ہے، کراچی کے پختون تیار رہیں جلد فاٹا کے انضمام کا جشن شاندار انداز میں سی ویو پر منائیں گے، سڑکوں پر احتجاج کا مقصد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو سزا دلوانا نہیں بلکہ کچھ اور ہے میاں نواز شریف کوئی فرشتہ نہیں مگر تمام اداروں کا ایک فرد کے پیچھے لگنا انصاف نہیں ہے اس موقع پر صوبائی قائم مقام صدر حاجی اورنگزیب بونیری حمید اللہ خٹک، فہیم جان ، زور طلب اور محمود محسود کے علاوہ گل افضل خان، عطاء اللہ، شیخ جہان زادہ ، عبدالمنان کاکا جی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔