سابق ڈائریکٹر اسکولز و دیگر کے خلاف کیس کا حتمی چالان پیش

January 18, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ میں اینٹی کرپشن حکام نے سابق ڈائریکٹر اسکولز وہاب عباسی و دیگر کے خلاف کیس کا حتمی چالان پیش کردیا۔عدالت نے چالان منظور کرتے ہوئے تین مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔بد ھ کو صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ میں سابق ڈائریکٹر اسکولز وہاب عباسی و دیگر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت میںاینٹی کرپشن کی جانب سے کیس کا حتمی چالان پیش کیا گیا ۔عدالت نے چالان منظور کرتے ہوئے تین مفرور ملزما ن عالم سومرو اسسٹنٹ ڈائریکٹر میرپور خاص،نذر شیخ ڈپٹی ڈائریکٹر اور خاتون سیما کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔عدالت نے مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے سات فروری تک پیش کرنے کا بھی حکم دیا ۔واضح رہے کہ کیس میں وہاب عباسی ضمانت پر رہا ہیں ۔ملزمان کے خلاف 2015میں اینٹی کرپشن حکام نے عبوری چالان جمع کرایا تھا۔کیس کا حتمی چالان تین سال بعد پیش کیا گیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان پر کروڑوں روپے کی کرپشن،اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔