اداروں کو گالیاں دینا قابل مذمت ہے، خواجہ آصف

January 18, 2018

وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت پر تنقید کی جا سکتی ہے لیکن ادارے کو گالیاں دینا قابل مذمت ہے۔

خواجہ آصف کا قومی اسمبلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 2014 میں بھی استعفے دیے لیکن پھر گھٹنوں کے بل چل کر واپس آئے،پوری ذمےداری سےکہہ رہاہوں کہ اسپیکرکو استعفوں پر کارروائی نہ کرنے کا کہاگیا، شاہ محمود قریشی نے اسپیکر سے درخواست کی کہ استعفے منظور نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید کے بیان پر استحقاق کمیٹی بنائی جائے،چیئرمین استحقاق کمیٹی انہیں طلب کرے،نہ آئیں توگرفتارکروا کر لایا جائے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ کنٹینر پر چڑھنے والے کا پاکستان سےکوئی تعلق نہیں ہے، وہ کینیڈین شہری ہے، انہوں نے مذہب کو کمائی کا ذریعہ بنایا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلے جلسوں میں نہیں ایوان میں ہوتے ہیں، یہ کامیابی کا نہیں ناکامی کا راستہ ہے، آپ کبھی ان راستوں سے ایوان میں نہیں آسکتے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ الیکشن آنے والے ہیں میدان سجے گا، ہر ایک کو مہم چلانے کا حق ہے، گالی دینے کا حق کسی کو نہیں اور نہ اس کی اجازت دیں گے۔