پارلیمنٹ قابل احترام ادارہ ہے، شہباز شریف

January 19, 2018

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جمہوری عمل کے باعث معرض وجود میں آیا، پارلیمنٹ قابل احترام ادارہ ہے، جمہوریت عوام کی خدمت کا نام ہے، خالی نعروں یا نام نہاد تبدیلی کے دعوے کرنے سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی۔

شہباز شریف سے پشتونخوا عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پارلیمنٹ کو برا بھلا کہنے اور لعنت ملامت کرنے والوں کی مذمت کی اور جمہوری نظام کے استحکام کے لئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے استحکام کے لئے ہر سیاسی جماعت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی جمہوریت میں ہی مضمر ہے، پاکستان کے مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، جو سیاسی عناصر افراتفری چاہتے ہیں ان کے عزائم ڈھکے چھپے نہیں، آج پاکستان کو اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نفاق کی سیاست کا بیج بونے والوں نے ملک کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ایسے عناصر کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔