ثنا اللہ زہری کی تبدیلی میں نادیدہ قوت اور زرداری کا ہاتھ تھا، یعقوب ناصر

January 19, 2018

مسلم لیگ ن کے سینیٹر سردار یعقوب ناصر نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کو ہٹانے میں نادیدہ قوتوں اور آصف زرداری کا ہاتھ تھا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں ن لیگی سینیٹربلوچستان میں حکومت کی تبدیلی پر بول پڑےاور کہا کہ ثنا اللہ زہری نے وزیراعظم کو قائل کیا تھا کہ شرمندگی سے بہتر ہےمستعفی ہو جاؤں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے ثنا اللہ زہری کو مستعفی ہونے سے روکا تھا اور تاکید کی تھی کہ استعفیٰ نہیں دینا ، مگر وہ پہلے مستعفی ہوچکے تھے ۔

سینیٹر یعقوب ناصرنے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کے کھیل میں جن ارکان اسمبلی نے حصہ ڈالا ان کے تعلقات سے سب واقف ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ثنا اللہ زہری کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے ہٹانے میں ان نادیدہ قوتوں کا کردار تھا، جن کی نشاندہی بھی نہیں کر سکتے ، کچھ ہاتھ آصف زرداری کا بھی تھا ۔

ساتھ ہی ن لیگی سینیٹر نے اعتراف کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کی وجوہات میں کچھ مسلم لیگ ن کی اپنی کمزوری بھی ہے۔