پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائےگا

January 22, 2018

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جائےگا، ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کےلئے فوکسڈ ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوگا۔

ون ڈے میں قومی ٹیم کو 0-5سے بری طرح شکست ہوئی تاہم اب ٹی 20 میچز کا معرکہ ہے، سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف اترے گی۔

قومی ٹیم کو شعیب ملک کی خدمات حاصل نہیں ،ہیڈ انجری کے باعث انہیں سیریز کے لئے ڈراپ کردیا گیا۔

میچ سے قبل پاکستان ٹیم نے ویلنگٹن میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ سیریز جیت کر ون ڈے کی شکست کا داغ دھونا چاہتےہیں ۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 15ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں، پاکستان نے 8جبکہ نیوزی لینڈ نے 7میں کامیابی حاصل کی ہے ۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی آج صبح 8بجے شروع ہوگا۔

آخری ون ڈے کھیلنے والی ٹیم پاکستان میں کچھ تبدیلیاں بھی ہوں گی، احمد شہزاد ان ہوں گے ،محمد عامر کی بھی واپسی کا امکان ہے جبکہ حسن علی مکمل فٹ ہوئے تو وہ بھی فائنل الیون کا حصہ ہوں گے۔

ویلنگٹن کی وکٹ تو رنز سے بھری ہوئی ہے لیکن کنڈیشنز بیٹسمینوں کو پریشان کر سکتی ہیں ، کیونکہ ویلنگٹن میں بارش کا بھی امکان ہے ۔

دوسری جانب قومی آل راؤنڈر عمر امین کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہماری نظریںاب ٹی ٹوئنٹی سیریز پر ہیں، ون ڈے سیریز میں اچھا پر فارم نہیں کر سکے لیکن ٹی ٹوئنٹی میں اچھا کھیلیں گے ۔

عمر امین نے کہا کہ میں صرف ایک فارمیٹ نہیں تینوں فارمیٹ میں اچھا پرفارم کرنا چاہتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے ٹی ٹوئنٹی میں بھی ٹاپ پر ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان دوسرے نمبر پر، اس لیے مقابلہ اچھا ہوگا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈے سیریز میں بیٹنگ نے مایوس کیا ، نئے فارمیٹ میں ایسا نہیں ہو گا ۔