ایم کیو ایم لندن کا برطانوی وزیراعظم کی رہائشگاہ پر احتجاجی مظاہرہ

January 22, 2018

لندن(جنگ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ لندن برطانیہ یونٹ کے تحت ایم کیوایم کے مرکزی رہنما پروفیسرڈاکٹر حسن ظفرعارف کے ماورائے عدالت قتل،کارکنان کی غیرقانونی گرفتاریوں، جبری گمشد گیوں اور مہاجروں پر ریاستی مظالم کے خلاف لندن میں برطانوی وزیراعظم کی رہائشگاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے میں ایم کیوایم کی نومنتخب رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان، ڈپٹی کنوینر سیدقاسم علی رضا، اراکین رابطہ کمیٹی، نومنتخب سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی، شعبہ خواتین کی ارکان،ایم کیو ایم برطانیہ کے مختلف یونٹوںکے ذمہ داران، کارکنان، ہمدرد پاکستانیوں اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاء نے اپنے ہاتھوںمیںقائد تحریک کے پورٹریٹ، شہید ڈاکٹر حسن ظفرعارف سمیت ایم کیوایم کے دیگر شہیدوں، لاپتہ کارکنان کی تصاویر، ایم کیوایم کے پرچم اور مختلف پلے کارڈز اٹھارکھے تھے ۔ احتجاجی مظا ہر ے سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے پروفیسر ڈاکٹرحسن ظفر عارف کے ماورائے عدا لت قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کے ذمہ دار وں اور کارکنوںکی غیرقانونی گرفتاریاں، ماورا ئے عدالت قتل اور جبری گمشدگیاں روزمرہ کا معمول بن چکی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ارباب اختیار و اقتدار اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کیخلاف جاری ریاستی آپریشن بند کیا جائے۔