اقوام متحدہ کی ٹیم رواں ہفتے پاکستان آئیگی حافظ سعیدپر پابندیوں کا جائزہ لینے کا امکان

January 22, 2018

اسلام آباد (فاروق اقدس، نامہ نگار خصوصی) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اقوام متحدہ کی ایک ٹیم رواں ہفتے پاکستان کے دورے پر اسلام آباد آرہی ہے جو دو دن اسلام آباد میں اپنی مصروفیات جاری رکھے گی ٹیم جس کا تعلق سلامتی کونسل کی پابندی کمیٹی برائے مانیٹرنگ کمیٹی سے ہے کی پاکستان آمد اور اسلام آباد میں مصروفیات کے بارے میں حتمی معلومات کو تو ظاہر نہیں کیا جارہا ہے تاہم ذرائع کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ اس کمیٹی کی آمد کا مقصدحافظ سعید پر عائد پابندیوں کا جائزہ لینا ہے جو اقوام متحدہ کی جانب سے ان پر لگائی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یکم جنوری کو امریکی صدر کی جانب سے پاکستان کے بارے میں ایک ناپسندیدہ ٹویٹ جس پر پاکستان نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا اور ٹویٹ میں دیئے جانے والے ریماکس نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدہ کر دیئے تھے جس کے بعد اب اسلام آباد اور واشنگٹن میں رابطوں اور مذاکرات کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے اقوام متحدہ کی ٹیم کی اسلام آباد آمد کو اسی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔