نئی فلم ’پیسیفک رِم 2اَپ رائزنگ‘ کا ٹریلر جاری

January 23, 2018

ایکشن ، سائنس فکشن اور دیو ہیکل بلائوںوالی فلموں کے دیوانے ہوجائیں تیار کیونکہ ہالی وڈ کی نئی ایکشن سے بھرپور سائنس فکشن تھرلر فلم ’پیسیفک رِم 2اَپ رائزنگ‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے ۔

2013میں سنیما گھروں میں دھوم مچانے والی فلم پیسیفک رِم کے اس سیکوئل میں زمین پر حملہ آور ہو نے والی کئی فٹ بلند خطرناک شیطانی طاقتیں اور بلائیں دکھائی گئی ہیں،جن کے خاتمے کے لیے روبوٹس کا سہارا لیا جارہا ہے۔

دیوہیکل روبوٹس اور خطرناک مونسٹرز کے درمیان جاری جنگ پر مبنی اس فلم کی کہانی معروف رائٹر ٹریوس بیچم کے ناول سے ماخوذہے جبکہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض اسٹیون ایس ڈی نائٹ نے نبھائے ہیں۔

سنسنی خیز مناظر سے بھرپور اس ایکشن تھرلرفلم میں اسکاٹ ایسٹ وڈ سمیت ٹیان چنگ، اینڈریا ارجونا، چارلی ڈے، جان بوئیگا، ڈسٹن کلیئر،لیون میڈن اوربرن گورمن جیسے معروف فنکاروں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

لیجنڈنری پکچرز کی تیار کردہ اس فلم کو گوئلرمو ڈیل ٹورو اور تھامس ٹل نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے، جو یونیورسل پکچر کے بینر تلے23فروری کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کر دی جائے گی۔