امریکا:ہیوسٹن میں فائرنگ پاکستانی نژاد نوجوان جاں بحق

January 28, 2018

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہرہیوسٹن میں اسٹور کے باہر مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک پاکستانی نژاد امریکی نوجوان جاں بحق ہو گیا،فائرنگ سے دوافراد زخمی بھی ہو ئے ،ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ہیوسٹن کے شمال مغرب میں واقع ویٹرن میموریل ڈرائیو اور بمل پرواقع ڈی جے فوڈ اسٹور کے باہر ایک شخص نے فائرنگ کر کے مقامی پاکستانی کمیونٹی کے نوجوان رحمان روپانی کو ہلاک اور دیگر دو نوجوانوں کو شدید زخمی کر دیا۔

ہیوسٹن کی پیرس کائونٹی کے شیرف ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس ضمن میں واقعہ کے بعد تحقیقات جاری ہیں جبکہ پولیس کے ڈپٹی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ واقعہ میں ایک نوجوان ہلاک ہو گیا ہے جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں پولیس کو ایک ہسپانوی شخص کی تلاش ہے جو گہرے رنگ کی ایس یو وی میں سوار تھا اور اس فائرنگ کے واقعہ میں ملوث بتایا جا رہا ہے۔

پولیس کامزید کہنا ہے کہ اس ضمن میں اگر کسی بھی شخص کو کوئی اطلاع ہو تو وہ پولیس کے کرائم اسپاٹ کے فون نمبر713 222 Tipsپر کال کر کے معلومات فراہم کر سکتا ہے۔

پاکستانی کمیونٹی کے افراد کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے قبل زخمی نوجوان اور مفرور ملزم کے درمیان جھگڑا ہو رہا تھا کہ ڈی جے فوڈ اسٹور کے مالک کا بیٹا جس کا نام رحمان روپانی بتایا جاتا ہے مدد کیلئے باہر آیا تو اس کو بھی گولیوں کا نشانہ بنا دیا گیا ۔

بعدازاں ملزم فرار ہو گیا یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ 8UVمیں تین افراد سوار تھے، مقتول رحمان روپانی کی عمر بیس سال تھی جس کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی۔