بد ترین ٹریفک جام والے شہر وں میں لاس اینجلس سر فہرست

February 09, 2018

امریکی کار سروس اورٹرانسپورٹ اینالسٹ کمپنی نے ٹریفک جام کے حوالے سے دنیا کے بد ترین شہر وں کی فہرست جاری کر دی جس میں امریکی شہر لاس اینجلس سرِ فہرست ہے۔

تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی نے دنیا بھر میں کئی مسائل پیدا کر دیئے ہیں اور ان مسائل میں ٹریفک کا مسئلہ بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔

حال ہی میں امریکی کار سروس اورٹرانسپورٹ اینالسٹ کمپنیINRIXکی جانب سے دنیا کے ایسے شہروں کی فہرست جاری کی گئی ہے جوٹریفک کی وجہ سے شدید مسائل کا شکار ہیں۔

فہرست کے مطابق امریکا کا شہر لاس اینجلس ٹریفک کے حوالے سے دنیا کا بد ترین شہر ہے جہاں گزشتہ برس 2017ء میں شہریوں نے ٹریفک جام میں 102 گھنٹے گزارے۔

لسٹ میں دوسرے نمبر پر نیویارک اور ماسکو کے شہریوں نے 91 ، 91 گھنٹے ٹریفک جام میں پھنسے رہ کر گزارے۔

فہرست میں ساؤپاؤلو کے شہریوں نے 86، سانس فرانسسکو 79، بگوٹا 75 اور برطانوی دارالحکومت لندن کے باسیوں کے 74 جبکہ پیرس کے رہائشیوں کے 69 گھنٹے ٹریفک جام میں رُکے رہنے سے ضائع ہوئے۔