بیوی کو شوارمہ دلانے سے انکار کرنا شوہر کو مہنگا پڑ گیا

February 19, 2018

اکثر اوقات دنیا بھر سے میاں بیوی کے کشیدہ تعلقات پر مبنی کئی واقعات سامنے آتے رہتے ہیں جس میں شوہر اور بیوی چھوٹی چھوٹی باتوں پر طلاق دینے یا مانگنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

ایسا ہی ایک واقعہ مصر میں دیکھنے کو ملا جہاں شوارمہ نہ دلانے پر چالیس دن کی دلہن نے شوہر سے طلاق لینے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق مصری خاتون سمیحہ نے عدالت میں اپنے شوہر کو کنجوس قرار دے کر طلاق لینے کے لیے درخواست جمع کرادی ہے، طلاق کی درخواست پر سماعت اگلے ہفتے ممکن ہے۔

مصری خاتون کا کہنا تھا کہ جوس پلانے کے بعد شوارمہ کھانے کو کہا تو شوہر نے فضول خرچی کا الزام لگا کر بد تمیزی کی۔

اس خاتون نے بتایا کہ چالیس روز قبل ہماری شادی روایتی طور پر والدین کی پسند سے ہوئی تھی اور میری پہلی ملاقات محض دو ماہ قبل شادی کی تاریخ رکھنے کی تقریب کے دوران ہوئی اس لیے مجھے شوہر کے مزاج اور ان کی کنجوس طبیعت کا اندازہ نہیں ہوسکا تھا جس کی وجہ سے شادی کے محض چالیس دن بعد ہی مسائل پیدا ہو گئے ہیں اور بخیل طبیعت کے باعث اب میرے لیے اپنے شوہر کے ساتھ رہنا ناممکن ہوگیا ہے اس لیے طلاق جیسا انتہائی قدم اُٹھایا ہے۔