لاہور: شفیق آباد میں گتہ فیکٹری میں آگ لگ گئی

February 20, 2018

لاہور کے علاقے شفیق آباد میں گتہ فیکٹری میں آگ لگنے سے بھاری مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

پولیس کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ بند روڈ پر مالی پورہ اسٹاپ کے قریب پیش آیا، گتہ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے بیشتر حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

امدادی کارروائیوں کے دوران علاقے کی بجلی بھی عارضی طور پر بند رکھی گئی، ریسکیو ٹیم کے مطابق واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔