مسلح افواج کی تمام تر ضروریات پوری کی جائیں گی، وزیر دفاع

February 21, 2018

آئندہ مالی سال کے دفاعی بجٹ کی تیاری کے لیے وزارت دفاع میں جائزہ اجلاس ہوا، وزیر دفاع خرم دستگیر خاننےکہا کہ قومی سرحدوں کے تحفظ کے لیے مسلح افواج کی تمام تر ضروریات پوری کی جائیں گی۔

اجلاس کے دوران دفاعی بجٹ کے بارے میں وزیر دفاع کو بریفنگ دی گئی۔

ترجمان وزارت دفاع کے مطابق دفاعی بجٹ میں حالیہ رجحانات، ضروریات اور درکار وسائل پر توجہ مرکوز کی گئی، مسلح افواج کے آلات حرب، نئی خریداریوں اور درکار مالی وسائل پر تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔

آئندہ مالی سال 2019-2018ء کے لیے میزانیے کی تیاریاں شیڈول کے مطابق ہونے پر وزیر دفاع نے اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کے لیے مسلح افواج کے جرات مندانہ مشن میں مکمل معاونت حکومت کا عزم ہے۔