لاہور ہائیکورٹ ،تین کے سوا پنجاب کی تمام شوگر ملزکھولنے کا حکم

February 21, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ نے تین کے سوا پنجاب کی تمام شوگر ملز کو کھولنے اور کسانوں کو گنے کی 180روپےفی من ادائیگی کا حکم دیا ہے اور چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی ہےکہ فیصلے پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی جائے۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے گنے کے سیزن میں شوگر ملز بندش اور کاشتکاروں کو 180 روپے فی من ریٹ نہ دینے کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔درخواستوں میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ گنے کے سیزن میں شوگر ملز بند رکھی ہوئی ہیں اور کسانوں کو 180 مقررہ ریٹ سے کم ادائیگی کی جا رہی ہے جو کسانوں کا معاشی قتل ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا ہےکہ چیف سیکرٹری پنجاب اور کین کمشنر پنجاب 30 دنوں میں عملدرآمد رپورٹ پیش کریں۔ یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے شوگر ملز منتقلی کیس میں تین شوگر ملزبند کرنے کا حکم دیا تھا جس سے متعلق مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ۔