چیئرمین نیب کا وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ کیخلاف تحقیقات کا حکم

February 23, 2018

اسلام آباد(مانیٹرنگ سیل) چیئرمین نیب نے پاکستان اسپورٹس بورڈ میں مبینہ کرپشن پر وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ کیخلاف تحقیقات کا حکم دیدیا۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے پاکستان اسپورٹس بورڈ میں مبینہ بد عنوانی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کا نوٹس لے لیا۔ چیئرمین نیب نے وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ اور ڈی جی اسپورٹس بورڈ اختر گنجیرا کے خلاف بھی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔نیب کے اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ پاکستان اسپور ٹس بورڈ کے مختلف شعبہ جات میں مبینہ بدعنوانی اور نئے پراجیکٹس میں قومی خزانے کا بے دریغ استعمال کرنے کی شکایات ہیں۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ میں قواعدو ضوابط کے خلاف تقرریاں کی گئیں، مختلف اسٹیڈیمز کی فنڈز کے باوجود ناگفتہ بہ صورتحال اور ان کی دیکھ بھال کے فنڈز میں مبینہ خورد برد کی شکایت ہیں۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہےکہ کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے عملی ٹریننگ کی بجائے مبینہ طور پر کاغذی کیمپ کا انعقاد اور کھیلوں کے سامان کے نام پر جاری فنڈز میں خرد برد اور بدعنوانی کی شکایات شامل ہیں۔