پیرعلائو الدین کا مشن مکمل کیاجائے گا، سلطان العارفین صدیقی

February 23, 2018

برمنگھم(نمائندہ جنگ) محی الدین اسلامی یونیورسٹی پاکستان کے چانسلر اور آستانہ عالیہ نیریاں شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ ڈاکٹر پیر سلطان العارفین صدیقی نے کہا کہ سر زمین یورپ پر اسلام کے فروغ اور دینی وروحانی اداروںکے قیام کیلئے اولین دور کے بزرگان اور ہمارے اکابرین نے بہترین کردار اور حسن اخلاق کو اپنا کر ہمارے لئے بھی بہترین مثال قائم کردی ہے۔ مرشد گرامی مرحوم پیر علائو الدین نے سر زمین یورپ میں عقیدہ ختم نبوتؐ کے تحفظ اور ناموس رسالتؐ کی خاطر برمنگھم میںعظیم الشان میلاد جلوس کی بنیاد رکھی مرحوم کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لئے ان کے نقش قدم پر چلاجائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے جامعہ اسلامیہ محی الدین آسٹن میںاپنے اعزاز میںمنعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی نظامت مفتی نصیر اللہ نقشبندی نے کی جبکہ تقریب سے علامہ غلام ربانی افغانی، صاحبزادہ پیر مصباح المالک لقمانوی مفتی عبدالرسول منصور، قاری خلیل احمد حقانی، علامہ نواز بشیر صدیقی، صاحبزادہ پیر لخت حسنین صدیقی، علامہ امام شاہدتمیز، علامہ قاری انور قمر صدیقی سمیت برطانیہ بھر کے علما ومشائخنے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے مرحوم پیر علائو الدین صدیقی کی ملی، روحانی، مذہبی اور رفاعی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پیر علائو الدین صدیقی نے خانقاہی نظام سے نکل کر یونیورسٹی، میڈیکل کالجز جیسے عظیم الشان منصوبے شروع کرکے رسم شبیری ادا کی۔ مقررین نے صاحبزادہ پیر سلطان العارفین صدیقی کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے ادھورے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔ اس روحانی تقریب میں برمنگھم سمیت برطانیہ بھر سے آستانہ عالیہ نیریاں شریف کے عقیدیت مندوں ، زائرین اور مریدوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، جبکہ آخر میںمرحوم پیر علائو الدین صدیقی کے ادھورے مشن کی تکمیل کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔